ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمیشن خور پنچایت راج وزیر کے ایس ایشورپا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ لے کر کانگریس کاسرسی سمیت کرناٹک کے دس اضلاع میں احتجاجی مظاہرہ

کمیشن خور پنچایت راج وزیر کے ایس ایشورپا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ لے کر کانگریس کاسرسی سمیت کرناٹک کے دس اضلاع میں احتجاجی مظاہرہ

Sun, 17 Apr 2022 13:12:38    S.O. News Service

بھٹکل  17 اپریل (ایس او نیوز)   کانگریس کے پرزور   احتجاج اور مظاہروں کے بعد   اپنے عہدہ  وزارت سے استعفیٰ دینے  کے بعد اب کانگریس نے    مبینہ کمیشن خور پنچایت راج وزیر کے ایس  ایشورپا  کو گرفتار کرنے کے مطالبہ پر بھی زور لگارہی ہے جس کو لے کر  کانگریس   نے سنیچر کو  ضلع  اُترکنڑا کے سرسی سمیت کرناٹک کے دس اضلاع میں  احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کانگریس کے کارکنوں نے  رام نگر، دکشن کنڑا، چکبالاپور، بیدر، وجئے پور، چکمنگلور، اُترکنڑا اور دیگر کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ایشورپا کے صرف استعفیٰ دینے سے کام نہیں چلے گا بلکہ ان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ اس تعلق سے ہوسپیٹ سے  ملی اطلاع کے مطابق وہان سابق وزیر ایچ کے پاٹل کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران پولس نے احتجاجیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ  ایشورپا کو گرفتار کیا جائے اور ان پر  کرپشن ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے کیونکہ  کنٹریکٹر سنتوش نے اپنے خودکشی نوٹ میں اس بات کا الزام لگایا ہے کہ مختلف کاموں کی تکمیل ہونے کے بعد جب   بل کی بھرپائی یعنی چار کروڑ روپئے  ادا کرنے  کی بات آئی تو موصوف ایشورپا نے 40 فیصد کمیشن مانگا۔ مینگلور میں کانگریسی کارکنا ن  کی  احتجاجی مظاہرے میں کرناٹک کے سابق ڈپٹی وزیر اعلیٰ  ڈاکٹر جی پرمیشور نے  قیادت کی اور ایشورپا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

سرسی میں احتجاجی مظاہرہ:  ٹھیکیدار سنتوش پاٹل کی موت کے لئے ذمہ دار ہونے کا الزام لگنے کے بعد مستعفی ہونے والے ایشورپّا کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے  ہوئے کانگریس نے جو احتجاجی مہم چلا رکھی ہے اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر سرسی میں بھی مظاہرا کیا گیا ۔

    ضلع کانگریس کمیٹی کی طرف سے سرسی بس اسٹینڈ کے پاس کیے گئے اس احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری ستیش جارکیہولی نے کہا کہ ریاستی حکومت اور مودی ایشورپّا کو تحفظ دے رہے ہیں ، جو جمہوریت مخالف رویہ ہے ۔ کانگریس کی طرف سے جاری احتجاج کی وجہ سے ایشورپّا کو استعفیٰ دینا پڑا تھا ۔ اب ان کو سزا ملنے  تک ہمارا احتجاج چلتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ  ملک میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے ۔ 

    کے پی سی سی کے نائب صدر مدھو بنگارپّا نے کہا شیموگہ میں  جیل سے لوٹنے والے سیاست دانوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ بی جے پی  بے قصوروں کی جان لینے والی پارٹی ہے ۔ ایشورپّا  کے کمیشن کی ہوس کی وجہ سے ٹھیکیدار موت کے منھ میں چلا گیا ہے ۔ اس کے باوجود حکومت ایشورپّا کی حمایت میں کھڑی ہے ۔ کسانوں کے مسائل حل کرنے کی خواہش بی جے پی حکومت کے اندر نہیں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بدعنوان ایشورپّا کو فوراً گرفتار کیا جائے ۔ ضلع صدر بھیمنّا نائک نے کہا کانگریس نے بی جے پی کی پرسنٹیج والی بدعنوان حکومت کے خلاف ریاست گیر مہم چلا رکھی ہے ۔     اس کے بعد شہر کے اہم راستوں پر نعرے بازی کرتے ہوئے جلوس نکالا گیا اور اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپا گیا ۔


Share: